ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: منکال وئیدیا کو محکمہ ماہی گیری و بندرگاہ  کی وزارت دی جائے - ماہی گیر طبقہ کا مطالبہ 

بھٹکل: منکال وئیدیا کو محکمہ ماہی گیری و بندرگاہ  کی وزارت دی جائے - ماہی گیر طبقہ کا مطالبہ 

Sun, 21 May 2023 13:22:52    S.O. News Service

بھٹکل،21 / مئی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ اور ہوناور تعلقہ کے ماہی گیر سماج نے نومنتخب ایم ایل اے منکال وئیدیا کو محکمہ بندرگاہ و ماہی گیری کی وزارت سونپنے کا مطالبہ کیا ہے۔
    
بھٹکل میں موگیر اور کھاروی سماج کے لیڈروں نے پریس کانفرنس کرکے وزیر اعلیٰ سدا رامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار سے مطالبہ کیا ہے اس مرتبہ ماہی گیری اور بندرگاہ کا قلمدان منکال وئیدیا کو ہی سونپا جائے۔ 
    
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے موگیر سماج کے صدر انّپّا موگیر نے کہا کہ چونکہ خود منکال وئیدیا موگیر سماج سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے انہیں ساحلی علاقے اور ماہی گیروں سے متعلق تمام مسائل کی جانکاری ہے اور وہ ماہی گیری کے لئے ترقیاتی منصوبے وضع کرنے کے اہل ہیں ۔ اب تک ان لوگوں کو بندرگاہ اور ماہی گیری سے متعلق واقفیت نہ رکھنے والوں کو وزیر بنایا جاتا رہا ہے اور اس سے ماہی گیری کے لئے کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ 

ماہی گیر سماج کے سینئر لیڈر وسنت کھاروی نے کہا کہ منکال وئیدیا نے ایک لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے جیت درج کی ہے ۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ماہی گیروں کے علاوہ دیگر سماج اور طبقات نے بھی ان پر پورا اعتماد ظاہر کیا ہے ۔ ریاست میں منکال وئیدیا ہی تنہا ایم ایل اے ہیں جو ماہی گیر طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ صرف ان کے حلقہ میں نہیں بلکہ پورے ضلع میں لوگ انہیں چاہتے ہیں ۔ اس لئے ماہی گیروں کی متحدہ مانگ یہ ہے کہ انہیں محکمہ ماہی گیری کا وزیر بنایا جائے۔
    
اس کے علاوہ ماہی گیر سماج کے لیڈر ایف کے موگیر، شنکر ہیبلے وغیرہ نے اس مطالبے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس وزارت کے لئے منکال وئیدیا مناسب اور مستحق شخص ہے۔ 
    
ہوناور بھی میں پریس کانفرنس :اسی مطالبے کے ساتھ ہوناور میں بھی ماہی گیر سماج کے لیڈروں نے پریس کانفرنس منعقد کی اور کانگریس صدر ملیکا ارجن کھرگے ، وزیر اعلیٰ سدا رامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار سے مطالبہ کیا کہ اس مرتبہ ضلع شمالی کینرا سے دو اراکین اسمبلی کو وزارتی قلمدان دیا جائے جس میں سے منکال وئیدیا کو وزیر ماہی گیری بنایا جائے۔ 
    
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہی گیروں کی قومی تنظیم کے ریاستی سیکریٹری چندراکانت کوچریکر نے چونکہ ابھی تک ضلع شمالی کینرا سے ماہی گیر سماج کے کسی نمائندے کو یہ وزارت سونپی نہیں گئی ہے اس لئے دوسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے منکال وئیدیا کو اس مرتبہ ماہی گیری کا قلمدان سونپا جائے ۔ اس سے ماہی گیری اور ساحلی علاقے سے متعلق مسائل حل کرنے اور اس کی ترقی کے لئے منصوبے میں آسانی ہوگی۔
 


Share: